کھیل
Time 08 مارچ ، 2019

پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے شائقین کس طرح اسٹیڈیم تک پہنچیں گے؟

پانچ مختلف مقام پر پارکنگ کا انتظام، اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی اشیا اور خواتین کے ہینڈ بیگز لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان سپر لیگ 4 کے فائنل سمیت 8 میچز نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے لیے جہاں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں وہیں شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم تک لے جانے کے انتظامات بھی موجود ہیں۔

ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے انتظامات مکمل ہیں اور 13 ہزار اہلکار نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے ۔

جن افراد کے پاس ٹکٹس ہوں گے وہ براہ راست اسٹیڈیم کی طرف نہیں جاسکیں گے، پہلے انہیں پارکنگ کے لیے 5 مقامات پر مختص جگہوں پر آنا ہوگا جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے انہیں اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔ 

پارکنگ مقامات پر 4 مقامات یونیورسٹی روڈ پر ہیں جن میں وفاقی اردو یونیورسٹی گراؤنڈ، حکیم سعید پارک سے متصل گراؤنڈ، بیت المکرم مسجد کے سامنے اتوار بازار والا گراؤنڈ اور ایکسپو سینٹر کا میدان شامل ہے جبکہ پانچواں مقام ڈالمیا پیٹرول پمپ کے نزدیک غریب نواز فٹبال گراؤنڈ ہے۔

جو شائقین میچ دیکھنے کے لیے عائشہ منزل، کریم آباد، بفرزون، ناظم آباد، سائٹ، یعنی ڈسٹرکٹ سینٹرل ، ڈسٹرکٹ ویسٹ سے آرہے ہیں وہ لیاقت آباد 10 نمبر سے حسن اسکوائر اور پھر یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے سامنے اتوار بازار والے گراؤنڈ میں پارکنگ کرسکتے ہیں۔

13 ہزار اہلکار نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے ۔ 

جو افراد میچ دیکھنے کے لیے گارڈن، پی سی ایچ ایس، صدر، ڈیفنس اور شہر کے جنوبی حصوں سے آرہے ہیں، وہ اللہ والی چورنگی، سوسائٹی سگنل اور پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ اور پھر حسن اسکوائر سے آگے یوٹرن لے کر ایکسپو سینٹر کے گیٹ نمبر 1 کے میدان میں اپنی گاڑیاں پارک کر کے اسٹیڈیم جاسکتے ہیں۔

جو افراد صفورا، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ اور گلشن اقبال سے نیپا کے راستے اسٹیڈیم آرہے ہیں وہ گلشن چورنگی سے نیپا پھر الٹے ہاتھ سے ابن سینا اسپتال، اور اتوار بازار والے پل سے یوٹرن لےکر اے جی سندھ آفس سے ہوتے ہوئے وفاقی اردو یونیورسٹی اور حکیم سعید پارک سے متصل گراؤنڈ میں پارکنگ کر کے انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانیوالی شٹل سروس کا استعمال کر کے اسٹیڈیم جاسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ شائقین جو ملیر سے بذریعہ شارع فیصل اسٹیڈیم جانا چاہ رہے ہیں وہ ڈرگ روڈ، راشد منہاس روڈ اور پھر ڈالمیا روڈ پر نیول ہاوسنگ اسکیم کے ساتھ قائم پیٹرول پمپ کے سامنے گلی میں غریب نواز فٹبال گراؤنڈ پر گاڑی پارک کر کے شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچ سکتے ہیں۔

شہریوں کی پہلی جامہ تلاشی پارکنگ لاٹس میں ہوگی جہاں واک تھرو گیٹس سے انہیں گزرنا ہوگا۔

یاد رکھیں کے اسٹیڈیم تک رسائی کے لیے آپ کو ٹکٹس اور اصلی شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا اور اسٹیڈم کے دروازے 12 بجے کھول دیے جائیں گے جبکہ 5 بجے بند کردیے جائیں گے۔ 

اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی اشیا اور خواتین کے ہینڈ بیگز لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور شائقین صرف اپنے ساتھ موبائل لاسکتے ہیں جس میں بیٹری بینک شامل نہیں ہے۔

میچ والے دن اسٹیڈیم جانے والی کچھ شاہراہیں عوام کے لیے بند ہوں گی جس میں کارساز سے اسٹیڈیم، اور ملینئم ڈالمیا روڈ سے آغا خان گیٹ نمبر 3 کا راستہ تک عام ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔ 

اسپتال جانے والوں کے لیے نیو ٹاؤن تھانے کی جانب سے اینٹری کی سہولت دی گئی ہے، البتہ شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھلے رہیں گے۔

مزید خبریں :