03 اپریل ، 2019
پاکستان میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور یہاں پر بارش، دریاﺅں، نہری پانی سے فصلوں کو سیراب کیا جاتا ہے مگر اس پانی کی بڑی مقدار ضائع ہو جاتی ہے اور فصلوں کو بعض اوقات یہ پانی زیادہ اور کہیں کم ملتا ہے۔
بعض اوقات بارشیں کم ہونے سے فصلوں کو پانی کم ملتا ہے اور کہیں نہروں اور دریاﺅں میں پانی کی کمی سے فصلیں سیراب نہیں ہو پاتیں۔ ہمارے ملک میں بعض فصلیں ایسی ہیں جن کو مناسب مقدار میں پانی کی ضرورت ہوتی ہے اس کیلئے پنجاب میں خاص طور پرڈرپ اریگیشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد پانی کو ضائع ہونے سے بچانا ہے اور اس سسٹم سے فصلوں کو اتنا ہی پانی ملتا ہے جتنی اُن کو ضرورت ہوتی ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے زرعی صوبے پنجاب میں یہ سسٹم تیزی سے مقبول ہورہا ہے جس میں پنجاب حکومت بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہے جبکہ کئی نجی کمپنیاں حکومت پنجاب کے تعاون سے یہ سسٹم کئی شہروں میں متعارف کرا رہی ہیں ، جس کے خاطر خواہ نتائج نکلے ہیں۔
فصلوں کو اتنا ہی پانی ملتا ہے جتنی ضرورت ہوتی ہے، مختلف کھیتوں اور سسٹم کے نتائج پر تحقیق سے یہ پتہ چلا ہے کہ اِن فصلوں سے حاصل ہونے والی فی ایکڑ پیداوار زیادہ ہوئی اور پھل و سبزی کا رنگ اور وزن عام آبپاشی کے پانی سے زیادہ بہتر اور وزنی نکلا اور مقامی زمیندار کا کہنا ہے کہ پھل اور سبزی کا وزن عام نظام کے مقابلے میں زیادہ بھاری رہا۔
ڈرپ نظام آبپاشی ایک جدید نظام آبپاشی ہے۔اس نظام کے تحت تمام پودوں کو ایک ہی وقت میں پانی اور کھاد مل جاتے ہیں اور کاشتکار کا وقت بھی ضائع نہیں ہوتا۔روایتی طریقہ آبپاشی میں پانی ضائع ہونے کے ساتھ مناسب وقت پر فصل کو دستیاب نہیں ہوتا جبکہ ڈرپ اریگیشن سسٹم سے پانی کی درست فراہمی تمام پودوں کو ایک ہی وقت پر ہو جاتی ہے۔
حکومت پنجاب ڈرپ اریگیشن سسٹم لگانے پر 60فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے جبکہ باقی 40فیصد ایک ملٹی نیشنل کمپنی ادا کرتی ہے ۔ ڈرپ اریگیشن سسٹم ایک صاف ستھرا اور آسان نظام ہے جس میں کھالے بنانے کی فکر نہیں ہوتی اور نہ ہی پانی لگانے کا مسئلہ ہوتا ہے۔ اس طریقہ میں کھاد، وقت، مزدوری اور پانی کی 50فیصد تک بچت ہوتی ہے۔
ڈرپ آبپاشی کے نظام میں پانی قطروں کی صورت میں براہ راست پودوں کی جڑوں میں داخل ہوتا ہے۔ اس طرح غیرضروری جگہوں پر پانی نہ جانے سے پانی کی بچت ہوتی ہے اور غیر ضروری جڑی بوٹیوں کی نشوونما بھی کم سے کم ہوتی ہے۔ ایسی زمینیں جو غیر ہموار، پوٹھوہاری یا ریگستانی ہوں وہاں ڈرپ نظام آؓبپاشی ایک بہترین نظام آبپاشی ہے۔
ڈرپ اریگیشن سسٹم کے ذریعے کھاد اور پانی پودوں کی ضرورت کے مطابق مطلوبہ مقدار اورموزوں وقت پر پودوں کی جڑوں تک پہنچتے ہیں، جس سے کھاد کی کارگردگی 90سے 95فیصد تک بڑھنے کے ساتھ ساتھ 50سے 70فیصد تک پانی کی بھی بچت ہوتی ہے۔پانی پودوں کی جڑوں تک براہِ راست پہنچتا ہے، جس سے پودوں کی قطاروں کے درمیان موجود مٹی گیلی نہیں ہوتی، لہٰذا جڑی بوٹیوں کی نشوونما رک جاتی ہے۔ سینکڑوں ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے اور اس کی کھاد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک آدمی ہی کافی ہوتاہے،جس سے کاشتکاروں کے لیبر کے اخراجات میں 30فیصد تک بچت ہوتی ہے۔