پاکستان
Time 26 اپریل ، 2019

آئی ایم ایف کا وفد 29 اپریل کو پاکستان کا دورہ کرے گا: ترجمان وزارت خزانہ

عمران خان سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی، کرسٹین لیگارڈ۔ فوٹو: ٹوئٹر/لیگارڈ

وزیراعظم عمران خان سے چین میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ نے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز چار روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچے تھے جہاں آج انہوں نے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں اظہار خیال کیا۔ اس کے علاوہ عمران خان اپنے دورے میں چین کی مرکزی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

آج وزیراعظم عمران خان سے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی سائیڈ لائن پر آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ نے ملاقات بھی کی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں پاکستان کی جانب سے معیشت کو مستحکم کرنے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مالیاتی پیکج کی اہمیت اور کسی معاہدے پر پہنچنے کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا جس کے لیے آئی ایم ایف کا وفد اسلام آباد آئے گا۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کے ترجمان ڈاکٹر خاقان نجیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا وفد 29 اپریل کو پاکستان کا دورہ کرے گا۔

ڈاکٹر خاقان نجیب کے مطابق آئی ایم ایف کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران سپورٹ پروگرام کے تکنیکی پہلوؤں پر بات چیت ہو گی۔

قبل ازیں کرسٹین لیگارڈ نے بھی سوشل میڈیا پر بتایا کہ بیجنگ میں عمران خان سے مل کر خوشی ہوئی، ہم نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی امدادی پیکج کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس کے ساتھ ساتھ ہم نے غریب عوام کی حفاظت اور گورننس کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی بات چیت کی۔


مزید خبریں :