09 اگست ، 2012
کراچی…محمد رفیق مانگٹ…بھارت نے آج صبح جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے حامل اگنی ٹو بیلسٹک میزائل کا کا میاب تجربہ کیا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ نے دفاعی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ زمین سے زمین پر مار کرنے والے اگنی ٹو کو لانچ کمپلیکس 4سے صبح پونے نو بجے سے فائر کیا گیا ۔ جوہری اسٹریٹجک بیلسٹک میزائل اگنی ٹو کی 2000کلومیٹر سے زیادہ رینج ہے جسے اڑیسہ ریاست کے ساحل ویلر آئی لینڈ سے ایک ریل موبائل لانچر سے فائر کیا گیا۔ درمیانی رینج بیلسٹک میزائل کو ایک سو کلوگرام کے ڈمی مواد سے لیس کرکے بھارتی وقت کے مطابق صبح 8.46 پر فائر کیا گیا جس نے 7سو سیکنڈ میں خلیج بنگال میں اپنے ہدف کو نشانہ بنایا ۔بھارتی دفاعی حکام کے مطابق تجربے میں میزائل نے تمام مشن پیرا میٹر کو کامیابی سے مکمل کیا ۔رپورٹ کے مطابق اگنی میزائل کو پہلے سے بھارتی فوج کے حوالے کیا جاچکا ہے۔ 20 میٹر لمبا بیلسٹک میزائل ایک ٹن ٹھوس جوہری مواد لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اس کا لانچنگ وزن 17 ٹن ہے اور 2000 کلومیٹر کے فاصلے پر 1000 کلو گرام کا وزن لے جا سکتا ہے۔ اگنی ٹو کو حیدر آباد میں تیار کیا گیا۔اگنی میزائل نظام کا یہ تیسرا کامیاب تجربہ ہے اپریل میں اگنی فائیو اور اگنی ون کا حال ہی میں تجربہ کیا گیا۔ اگنی ٹو کا پہلی بار تجربہ 11اپریل1999 میں کیا گیا۔