11 مئی ، 2019
اسلام آباد: آئی ایم ایف سے مذاکرات اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر وزیراعظم نے پیر کو مالیاتی امور اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئی ایم ایف سے مذاکرات اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا معاملہ زیر غور آئے گا جب کہ مالیاتی امور پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ بریفنگ میں کابینہ اور پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی شریک ہوں گے جب کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ سمیت حکومتی معاشی ٹیم کے ارکان بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہےکہ وزیراعظم نے وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے اسٹاف لیول کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مسودے کو مسترد کردیا ہے، وزیراعظم افراط زر کے معاملے پر نرم شرائط چاہتے ہیں جب کہ انہوں نے ٹیکس وصولی کے ہدف میں کمی کیلئے بھی آئی ایم ایف کو راضی کرنے کی ہدایت کی ہے۔