09 اگست ، 2012
اسلام آباد … مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے 11 الزامات وہی ہیں جو رحمان ملک کے گھڑے ہوئے ہیں، عمران خان کا ایجنڈا وہی ہے جو صدر زرداری اور رحمان ملک کا ہے، وہ الزامات میں پہل کرتے ہیں، جواب بھی دینا پڑتا ہے، نواز شریف کے بچوں کے سعودیہ اور برطانیہ میں اثاثے پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، وہ سچے ہیں تو جو عدالت پسند ہو وہاں درخواست دیں کہ کمیشن بنایا جائے، کمیشن کا سربراہ موجودہ جج یا ریٹائرڈ جج ہو یہ عمران خان پر چھوڑتے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ ریمنڈ بیکر نے اپنی کتاب میں آصف زرداری اور جرنیلوں پر بھی الزامات لگائے، عمران خان نے ان کا ذکر نہیں کیا، عمران خان قوم کے سامنے حقائق رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے 11 الزامات وہی ہیں جو رحمان ملک کے گھڑے ہوئے ہیں، عمران خان نے اخلاقی اقدار کو جو ملیا میٹ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، عمران خان کی ہمارے خاندان کے بارے میں باتیں بہکی بہکی تھیں، غصے سے آدمی بڑا لیڈر نہیں بنتا، بڑا لیڈر حقائق سے بنا جاتا ہے۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی مسائل پر توجہ دینی چاہئے، ایک جماعت کا کام صرف الزام تراشی ہے، عمران خان نے کہا چوہدری نثار کے الزامات کو عدالت میں چیلنج کروں گا، لگتا ہے عمران خان کوسانپ سونگھ گیا، 24 گھنٹے بعد عمران خان نے اپنے چیلنج کا بھی ذکر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی اور کی روش پر چل کر نواز شریف سے 11 سوال پوچھنے لگے، انہوں نے ریمنڈ بیکر کی کتاب میں نواز شریف پر لگائے گئے الزامات کا ذکر کیا، ریمنڈ بیکر کا نام ہی میں نے پہلی بار سنا، عمران خان ریمنڈ بیکر کی کتاب میں آصف زرداری اور جنرلز پر الزامات سامنے کیوں نہیں لائے۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بچے جو کاروبار کررہے ہیں اس کا جواب نواز شریف نہیں بچے ہی دیں گے، نواز شریف نے مے فیئر فلیٹس کے معاملات نہیں چھپائے، لندن میں فلیٹ یا محل لینا مشکل نہیں، 10 سے 20 فیصد کیش دے کر باقی مورگیج سے فلیٹ یا محل لیا جاسکتا ہے، 20سال ہوگئے، نواز شریف ابھی تک قرضہ ادا کررہے ہیں۔ چوہدری نثار نے مزید کہا کہ عمران خان نے شیخوپورہ میں 70 لاکھ کی زمین خریدی، ٹیکس ریٹرن میں اس کا ذکرتک نہیں، عمران خان کو بہت سے سنگین سوالات کا جواب دینا چاہئے،باہر سے جو پیسا آیا عمران خان کے ٹیکس ریٹرن میں اس کا بھی کوئی ذکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا کاروبار بحث میں نہیں آنا چاہئے، ہم عمران خان کے بچوں کی حدود پر اعتراض نہیں کرتے، نواز شریف کے بچوں کے سعودیہ اور برطانیہ میں اثاثے پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، اب یہ بحث ختم ہونی چاہئے، عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ چوہدری نثار نے عمران خان کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو رحمان ملک کے الزام کا سہارا لے کر میڈیا ٹرائل نہیں کرنے دیں گے، وہ سچے ہیں تو مل کر جو عدالت پسند ہو وہاں درخواست دیں کہ کمیشن بنایا جائے، کمیشن موجودہ جج یا ریٹائرڈ جج ہو یہ عمران خان پر چھوڑتے ہیں، یہ الزامات پریس کانفرنس سے حل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ جس نے ساری زندگی ٹیکس چوری کیا وہ 90 دن میں ٹیکس چوری کیسے ختم کرے گا، عمران خان قوم کا وقت ضائع نہ کریں، عوام کا مسئلہ یہ نہیں، لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل ہیں۔