پاکستان
10 اگست ، 2012

ہندوں کی بھارت ہجرت کی خبروں میں صداقت نہیں، اعجاز جاکھرانی

ہندوں کی بھارت ہجرت کی خبروں میں صداقت نہیں، اعجاز جاکھرانی

کراچی … جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی نے کہا ہے کہ ہندووٴں کی بھارت ہجرت کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں، ہندو برادری کے افراد یاترا کے لئے گئے ہیں جو ویزے کی مدت ختم ہونے پر واپس آ جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ کے وزراء مکیش کمار چاوٴلہ، موہن لعل اور ہندو پنچائیت کے رہنماوٴں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران کہی۔ اعجاز جاکھرانی کا کہنا تھا کہ ہندووٴں کی بھارت ہجرت کی خبریں پھیلانے کا مقصد پیپلز پارٹی کو بدنام کرنا ہے، یاترا کے بھارت جانے والے 247 افراد میں سے صرف 20 کا تعلق جیکب آباد سے ہے جبکہ باقی افراد بلوچستان اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ ہندو برادری سندھ کی خوبصورتی ہے اور وہ سندھ دھرتی سے پیار کرتے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مکیش چاوٴلہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر قائم کمیٹی ہفتے کو جیکب آباد کا دورہ کرے گی۔ پریس کانفرنس کے دوران ہندو پنچائیت کے رہنما بابو مہیش کا کہنا تھا کہ سندھ کے کئی علاقوں میں امن و امان کا مسئلہ ہے اور کئی ڈاکٹروں کو قتل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کے لوگ یاترا کیلئے بھارت جاتے رہتے ہیں ان میں سے کچھ وہاں رک بھی جاتے ہیں۔

مزید خبریں :