10 اگست ، 2012
لاہور … وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ حکومت اور اس کے اتحادی عدلیہ کی عزت کرتے ہیں، اس کے فیصلوں پر ہمیشہ سر تسلیم خم کیا ، اب عوام توقع کرتے ہیں کہ اعلیٰ عدلیہ بھی حوصلے، تحمل اور بردباری سے کام لے گی۔ انہوں نے یہ بات لاہورمیں پیپلزپارٹی کے رہنماء منیر احمد خان کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی اور دیگر پی پی رہنماء بھی شریک تھے۔ منظور وٹو کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے مسلم لیگ ن کی جانب سے بہتری کی تجاویز آنی چاہئیں، ڈرامہ بازی نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کاحل پارلیمنٹ کی مدت پوری ہونے میں ہے، حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کی ہر کوشش کر رہی ہے۔