11 اگست ، 2012
پشاور…گورنرخیبرپختونخوا بیرسٹرمسعودکوثر نے کہاہے کہ قبائلی علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بورڈ آف ڈائریکٹرز آف فاٹاایجوکیشن فاوٴنڈیشن کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں کیا۔ گورنر بیرسٹر مسعود کوثرکا کہنا تھا کہ قبائلی طلباء کو پڑھائے جانے والے نصاب میں جدید مضامین کو شامل کیا جائے، تاکہ انھیں جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا نظام تعلیم ہو جس میں ذہین طلباء کی حق تلفی نہ ہو،فاٹامیں تعلیمی اداروں کیلئے ایسے جگہوں کا انتخاب کرناچاہئے جو ہر کسی کی پہنچ میں ہو اور کوئی طالب علم تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا میں عورتوں کے تعلیم پر بھی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔