پاکستان
11 اگست ، 2012

گوجرانوالہ:رشوت کے عوض ڈارئیونگ لائسنس کا اجراء،پورا عملہ معطل

گوجرانوالہ…گوجرانوالہ میں مبینہ طور پر رشوت لیکر بوگس ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے الزام میں ٹریفک ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا پورا عملہ معطل کر دیا گیا جبکہ 162 بوگس لائسنس قبضہ میں لیکر خاتون ڈی ایس پی کو بھی او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ ایس پی ٹریفک اصغرعلی یوسف زئی نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوے مزید انکشافات کرتے ہوے کہا کہ لائسنسنگ برانچ میں پچھلے کافی عرصہ سے افسران کی انکھوں میں دھول جھونک کر عملہ بوگس لائسنس بنا رہا تھا ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ ان میں متعدد وہ لائسنس سامنے آئے جن کو ڈرائیونگ ٹیسٹ لیے بغیر ہی جاری کیا گیا تھا، 162 کے قریب ایسی فائلیں اب تک قبضہ میں لے لی گئی ہیں اور ٹریفک ڈرائیونگ لائسنس کے عملہ کو معطل کر دیا گیا ہے جن میں دو انسپکٹرز میاں خلیل، انسپکٹر عبدالرشید زاہد 4 لیڈی وارڈن 3 کانسٹبلز ہیڈ کانسٹبل شامل ہیں جبکہ برانچ کی ہیڈ خاتون ڈی ایس پی فرخندہ کو او ایس ڈی بنا کر انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور تمام ریکارڈ قبضہ میں لیکر سیل کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ جن لائسنسوں کا اجراء قانونی تقاضے پورے کیئے بغیرجاری کیئے گئے ہیں وہ بوگس ہیں اور انکوائری مکمل ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے ۔ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ اس سارے عمل میں ٹریفک لائسنس برانچ کا عملہ ملوث پایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دفتر کے باہر ڈرائیونگ لائسنس کی فائل تیارکرانے کے دوران ہی کرپشن شروع ہوجایا کرتی تھی اور ایجنٹوں کے ذریعے لائسنسوں کا اجراء کیا جاتا جس کو فوری طور پر بند کر دیا گیاہے، اب لائسنس کی فائل برانچ کے اندر تیار ہوگی اور فارم فری دیا جاے گا۔

مزید خبریں :