11 اگست ، 2012
سکھر … وفاقی وزیر قانون اور اقلیتی کمیٹی کے سربراہ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہندو برادری کی لڑکیوں کا مذہب تبدیل کرانے کے حوالے سے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں قانون سازی کی ضرورت ہے۔ سکھر میں ہندو پنچایت کے رہنماوٴں سے ملاقات سے قبل میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہندو برادری کے لوگ واقعی کچھ مشکلات سے دوچار ہیں اور حکومت ان کی مشکلات ختم کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور انشاء اللہ اب کوئی ہندو بھارت منتقل نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میٹی اپنی سفارشات بہت جلد صدر مملکت کو پیش کرے گی۔ مولابخش چاندیو کا کہنا تھا کہ ہندووٴں کا معاملہ غلط انداز سے پیش کرکے ملک کے خلاف سازش کی جارہی ہے جسے سب کو مل کر ناکام بنانا ہوگا۔