11 اگست ، 2012
راولپنڈی … عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ راجا پرویز اشرف قربانی کا بکرا ہیں، بہتر ہے کہ پیپلزپارٹی تیسرے وزیراعظم کی قربانی دینے کے بجائے الیکشن کی تیاری کرے۔ راولپنڈی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر ملتان کے پکے روٹ والا وزیراعظم جا سکتا ہے تو راجا پرویز اشرف تو کچی سواری ہیں۔۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ نتائج کی پرواہ کیے بغیر الیکشن کی ریس میں حصہ لیتے ہیں وہ سیاست کے ایسے کھلاڑی ہیں جو آئندہ وزیراعظم بنانے والوں میں ہوں گے انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں سے باہر بیٹھی سیاسی جماعتیں موجودہ حکمرانوں کے خلاف اکٹھی ہو جائیں، شیخ رشید نے بتایا کہ عمران خان 13 اگست کو لال حویلی آئیں گے اور وہ جلوس کی صورت میں لیاقت باغ جائیں گے، نقاب پوش افراد ان کے جلسے کے بینراتار رہے ہیں، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے چار سالوں میں راولپنڈی میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرائے ، کوئی ایفی ڈرین کیس میں بے قصور ہو تو ٹھیک، مجرم ہو تو کڑی سزا ملنی چاہیے۔