12 اگست ، 2012
اسلام آباد/کابل…پاکستان میں قید طالبان کے اہم رہنما ملا عبدالغنی برادر اور افغان حکام کے درمیان خفیہ ملاقات کا انکشاف ہوا ہے۔طالبان کے امیر ملا عمر کے دست راست ملا عبدالغنی برادر کو فروری 2010 میں کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق افغان صدر کے قومی سلامتی سے متعلق امور کے مشیر رنگین سپانتا نے بتایا کہ افغان وفد نے دو ماہ پہلے ملا برادر سے خفیہ ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں ملا برادر سے امن مذاکرات کے بارے میں ان کا نقطہ نظر معلوم کیا گیا۔ افغان حکام کو توقع ہے کہ ملا عبدالغنی برادر امن بات چیت میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان حکام کو ملا برادر تک رسائی کی پہلے ہی اجازت دے چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن مذاکرات کے لئے افغانستان کے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے۔