پاکستان
Time 15 جولائی ، 2019

وادی نیلم: سیلابی ریلے میں 24 افراد بہہ گئے، دیگر3 حادثات میں 11 افراد جاں بحق




مظفر آباد: وادی نیلم میں سیلابی ریلے میں 24 افراد بہہ گئے جب کہ دیگر 3 حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈائریکٹر آپریشنز اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان قریشی کے مطابق وادی نیلم کے علاقے لیسوا میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث آسمانی بجلی گرنے اور سیلابی ریلے سے علاقے میں تباہی مچ گئی۔

سیلابی ریلے سے 150 کے قریب مکانات متاثر ہوئے اور ایک مسجد بھی بہہ گئی جس کے نتیجے میں 24 افراد لاپتا ہوگئے جن میں 11 تبلیغی جماعت کے ارکان اور باقی مقامی افراد شامل ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 24 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے، تاہم دیگر 3 حادثات میں 11 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

ڈائریکٹر آپریشنز سعید الرحمان نے بتایا کہ سیلابی ریلوے سے لیسوا میں واقع بازار کی دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جب کہ کئی سیاحوں کی متعدد گاڑیاں بھی ریلے میں بہہ جانے کی اطلاع ہے۔

سعید الرحمان قریشی کے مطابق علاقے میں مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیموں نے علاقے میں پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے دستے متاثرہ آبادی کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کر رہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں پھنسے 52 افراد ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

بارش اور سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کرکے راشن اور میڈیکل سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ 

مزید خبریں :