03 مئی ، 2024
وفاقی حکومت نے سائبر کرائم کو ایف آئی اے سے علیحدہ کر کے نیا ادارہ بنا دیا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نام سے نیا ادارہ بنا دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ این سی سی آئی اے کا تحقیقاتی ادارہ ایکٹ کی شق 29 کے تحت قائم کیا گیا، این سی سی آئی اے ایکٹ کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایف آئی اے اس ایکٹ کے تحت نامزد تحقیقاتی ادارے کے امور ادا کرنا روک دے گی، تمام اہلکار، کیسز، انکوائریز ، تحقیقات ایف آئی اے سے این سی سی آئی اے کو منتقل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت این سی سی آئی اے کے ڈی جی کا تقرر دو سال کے لیے کرے گی، ڈی جی این سی سی آئی اے پولیس آرڈر 2002 کے تحت آئی جی کے اختیارات استعمال کریں گے، این سی سی آئی کے معاملات کو وزارت داخلہ دیکھے گی، این سی سی آئی اے بین الاقوامی تعاون کے حوالے سے نامزدہ ادارہ ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سائبرکرائم کے حوالے سے ہونے والے تمام جرائم نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بھیجے جائیں گے، سائبر کرائم سے متعلق تمام مقدمات اندراج اور پراسیکیوشن این سی سی آئی اے خود کرے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ این سی سی آئی اے کے اپنے تھانے ہوں گے، افسران کو سائبر کرائمز سے متعلق خصوصی تربیت دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھرمیں سوشل میڈیا اور ایپس سے متعلق تمام معاملات این سی سی آئی اے دیکھے گی۔