12 اگست ، 2012
پشاور…خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیر حیدرہوتی نے ایران میں زلزلے سے جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی امداد کی پیشکش کی ہے۔ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے پشاور میں ایران کے قونصل جنرل حسن درویش کو ٹیلی فون کیا اور ایران میں زلزلے سے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے حسن درویش کو زلزلے کے متاثرین کی ہر ممکن امداد کی پیشکش بھی کی اور کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام ا یرانی بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل نے آزمائش کی اس گھڑی میں یکجہتی اورہمدردی کے اظہار پرخیبرپختونخوا کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔