پاکستان
Time 26 جولائی ، 2019

'نواز شریف کو جیل میں ٹی وی اور اے سی کے معاملے پر فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی'

جیل مینوئل پر عمل ہوگا، عمران خان کا نواز شریف سے کوئی ذاتی عناد نہیں، عمران کا بیانیہ ہے کہ سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیے، فردوس عاشق اعوان — فوٹو فائل

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جیل میں ٹی وی اور  اے سی دینے یا نہ دینے کے معاملے پر فیصلہ پنجاب حکومت نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل مینوئل پر عمل ہوگا، عمران خان کا نواز شریف سے کوئی ذاتی عناد نہیں، عمران کا بیانیہ ہے کہ سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی ٹولے نے یومِ سیاہ منا کر ملک کو یرغمال بنانے کی کوشش کی جس کو عوام نے ناکام بنا دیا، اپوزیشن کے کس رہنما کی تقریر نشر ہونے سے روکی؟ پیمرا آزاد ادارہ ہے، وہ کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد کا پابند ہے، حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور مریم کے کیسز کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا، نااہل ہونے اور سزا یافتہ ہونے میں فرق ہے، مریم نواز سزا یافتہ ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن کے کسی احتجاج کو نہیں روکا جائےگا، جیل میں نواز شریف کے اے سی اور ٹی وی اتارنے کے بارے میں فیصلہ جیل مینوئل کے مطابق وفاقی نہیں صوبائی حکومت نے کرنا ہے۔

مزید خبریں :