مشرقی سرحد پر خطرہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے ہے،آرمی چیف

آرمی چیف نے دنیا کے بلند ترین میدان جنگ میں افسروں اور جوانوں کے جذبے کو سراہا، آئی ایس پی آر — فوٹو: آئی ایس پی آر 

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مشرقی سرحد پر موجود خطرے سے آگاہ اور کسی بھی مس ایڈونچر کو ناکام بنانےکیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشن ہیڈ کوارٹرز گلگت کا دورہ کیا اور یادگار شہداء پر پھول رکھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے بلند ترین میدان جنگ میں موسمی چیلنجز اور زمینی صورتحال کے باوجود جوانوں، افسروں کی تیاری اور جذبے کو سراہا۔

آرمی چیف کا فارمیشن ہیڈکوارٹرز گلگت میں افسران اور جوانوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم مشرقی سرحد پر موجود خطرے سے آگاہ ہیں، اس خطرے کا تعلق مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مس ایڈونچر کو ناکام بنانےکیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے وادی میں لاک ڈاؤن ہے، اس صورتحال میں پاکستان نے بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کی طرز پر کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ 

مزید خبریں :