پاکستان
Time 20 ستمبر ، 2019

کراچی میں سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سے کی زیرصدارت کراچی کی صفائی مہم سے متعلق اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے بتایا کہ وہ شہر سے کچرا اٹھانے کا کام شروع کرنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے اس شہر کی تعمیر نو کی اور اس کی صفائی بھی ہم ہی کریں گے۔

وزیر اعلی سندھ نے حکام کو ہدایت کی کہ ہر ضلع کا ریکارڈ الگ الگ رکھا جائے، کس نے کتنا کچرا اٹھایا ہے اور ہر ضلع کو صاف کرکے وہاں ڈی ایم سی کے حوالے کیا جائے تاہم ہر ڈی ایم سیز اس صفائی کو برقرار رکھیں۔

اس کے علاوہ ہر ضلع کی صفائی کی مانیٹرنگ دو وزراء کےحوالے کی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہر ڈی سی کو 5 کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں جو مشینری، ڈمپرز اور مزدوروں کی ادائیگی کے لیے دیے گئے ہیں اس کے علاوہ ہر ڈمپر پر ڈسٹرکٹ کا نام اور نمبر ہونا چاہیے۔

مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ صفائی کی فوٹو اور ویڈیو بنائیں تاکہ ایک مکمل ریکارڈ ہو جس کے کام کی میں خود مانیٹرنگ بھی کروں گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وہ کل تمام 6 اضلاع میں جائیں گے اور کچرا اٹھانے کا کام دیکھیں گے، دن 11 بجے سے شام 6 بجے تک شہر کا دورہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صفائی مہم کے لیے میں پولیس، رینجرز کو درخواست کروں گا کہ سیکیورٹی کے انتظامات کریں۔

مزید خبریں :