30 ستمبر ، 2019
کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ عمران خان جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسکرپٹ سے باہر نہیں نکلے،وزیراعظم کی تقریر میں پورا ٹیم ورک دکھائی دیا،اب یہ ٹیم ورک، ہوم ورک اور محنت گورننس میں بھی نظر آنی چاہئے۔
عمران خان کی تقریر کتنی موثر تھی اس کیلئے ہندوستان کا ردعمل دیکھیں ان کی چیخیں نکل رہی ہیں ،دہشتگردی پیپلز پارٹی یا ن لیگ نے نہیں فوج نے ختم کی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔
جنرل اسمبلی میں عمران خان کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ عمران خان جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسکرپٹ سے باہر نہیں نکلے، اسکرپٹ سے باہر نہ جانے کا مطلب یہ نہیں کہ پرچیاں اٹھائی ہوں بلکہ اس کا مطلب ہے کہ طے شدہ اور لکھی ہوئی چیزوں سے باہر نہیں جانا ہے اور اچھی تقاریراسکرپٹڈ ہی ہوتی ہیں۔
وزیراعظم کی تقریر میں کشمیر کا ذکر آخر میں کرنے پر اپوزیشن کے اعتراض پر حسن نثار نے کہا کہ اپوزیشن فضول بات کررہی ہے کہ کشمیر کا ذکر تقریر کے آخر میں کیوں کیا گیا۔
عمران خان نے کشمیر کی تصویر لٹکانے کیلئے قدم بہ قدم فاصلہ طے کیا، عمران خان کی تقریر کتنی موثر تھی اس کیلئے ہندوستان کا ردعمل دیکھیں ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔
حسن نثار کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اگر عمران خان کی تقریر پر خاموش رہتا تو اچھا تھا، دنیا کی تاریخ میں بے شمار تقریریں ایسی ہیں جنہوں نے تقدیریں بدلی ہیں، عمران خان اپنی تقریر میں مہم جو نہیں مدبر اور مبلغ نظر آیا، بی بی سی کہتا ہے کہ کشمیریوں کی نئی نسل میں موت کا خوف ختم ہوچکا ہے۔
طیب اردوان کی طرف سے پاکستانی موقف کی حمایت پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو اور شاہ فیصل دو قدآور آدمی ابھرے جنہیں انجام تک پہنچایا گیا، بھٹو نے بہت خطرناک کام کیے تھے جس کی قیمت بھی دی، پہلا کام اسلامی کانفرنس کا انعقاد اور دوسرا عربوں کو پٹرول ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی ترغیب دی تھی، اب طیب اردوان اور عمران خان کے ساتھ محمد بن سلمان مسلم دنیا کی قیادت کرسکتے ہیں۔
پنجاب پولیس میں اصلاحات پر پولیس افسران اور بیوروکریسی میں تنازع پر حسن نثار نے کہا کہ شریف خاندان نے ہماری بیوروکریسی کا حال، نفسیات، شکل سب کچھ بگاڑ کر رکھ دیا ہے، ریونیو سے لے کر سوک ایشوز تک دیکھ لیں بیوروکریسی کسی قابل نہیں ہے، پولیس افسران بیوروکریسی کے اقدامات کا جواب دیں گے۔
پنجاب کابینہ میں تبدیلیوں کی خبروں پر حسن نثار نے کہا کہ میاں اسلم اقبال جیسے لوگ کابینہ سے جارہے ہیں تو پنجاب میں رہی سہی کسر بھی پوری ہوجائے گی، پنجاب میں ان تبدیلیوں کی قیمت پی ٹی آئی کو دینا پڑے گی۔
کراچی میں کوڑا پھینکنے پر گرفتاری پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں کچرا پھینکنے والے کو الٹا لٹکا کر مارنا چاہئے، دہشتگردی پیپلز پارٹی یا ن لیگ نے نہیں فوج نے ختم کی ہے۔
چین میں سابق میئر کے گھر سے کئی ٹن سونا اور کھربوں روپے برآمد ہونے پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ چین میں اب بددیانتی اور کرپشن کیخلاف ایکشن ہورہا ہے، چین کے قائم خانی اب ختم ہوتے جارہے ہیں،پاکستان میں بھی اس طرح کام کرنا ہوگا۔