07 اکتوبر ، 2019
کراچی: آل پاکستان مسلم لیگ کے سر براہ جنرل ( ر ) پرویز مشرف نے کہاہے کہ کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح بہتا ہے، ہم جب میدان میں آئیں گے بھارت کو سبق سکھا دیں گے۔
اتوار کو آل پاکستان مسلم لیگ ( اے پی ایم ایل ) کے 9 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں دبئی سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں، پاک فوج چوڑیاں پہن کر نہیں بیٹھی ہوئی، شاید بھارتی فوج کارگل جنگ بھول گئی۔
پرویز مشرف نے کہاکہ ہمارے وزیراعظم بار بار آپ کو امن کا پیغام دے رہے ہیں، ہماری مدد کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ ہے، ہم چاہتے ہیں اس مقام تک نہ جائیں جہاں پر پھر آپکو سبق سکھایا جائے، انڈیا نے کارگل اور ائیراٹیک سے سبق نہیں سیکھا ،ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔
انہوں نے پارٹی کے رہنماؤں کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ سیکریٹری جنرل مہرین ملک اور تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، جو مہرین کے فیصلوں کو نہیں مانتے انکا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ۔اس دوران یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا۔