16 اگست ، 2012
واشنگٹن … امریکا نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں گزشتہ دو سال سے جاری خونریزی رکوانے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔یہ مطالبہ سینئرامریکی و شامی نمائندوں کے دورہ بیجنگ کے موقع پر سامنے آیاہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین شام میں جاری خونریزی کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ترجمان کے مطابق امریکی حکومت کو یہ امید بھی ہے کہ چین اقوام متحدہ کے سابق سربراہ کوفی عنان کی جانب سے دیئے گئے مجوزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کروانے کے لئے شامی صدر بشار الاسد کی حوصلہ افزائی کرے گا۔امریکی ترجمان نے مزید کہا کہ سیاسی امور کے لئے نائب وزیرخارجہ وینڈیشرمن نے چینی وزیرخارجہ یانگ جی چی کے ساتھ ملاقات میں چین کی مشرق وسطیٰ بارے پالیسی پر بات چیت کی ہے۔