Time 27 اکتوبر ، 2019
پاکستان

حافظ حمداللہ کی شہریت کے معاملے پر سینیٹ میں تحریک استحقاق جمع

رکن پارلیمنٹ ہونا بذات خود پاکستانی شہری ہونے کا ثبوت ہے،سینیٹر پرویز رشید،فوٹو:فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید نے جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے رہنماحافظ حمداللہ کی شہریت منسوخی سے متعلق سینیٹ میں  تحریک استحاق جمع کرادی۔

پرویز رشید کی جانب سے سینیٹ میں جمع کرائی گئی تحریک استحقاق میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے حافظ حمداللہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کرنا پارلیمنٹ کی توہین ہے ، حافظ حمد اللہ ممبر سینیٹ اور بلوچستان کے وزیر صحت رہے ہیں۔

پرویز رشید کا کہنا ہے کہ رکن پارلیمنٹ ہونا بذات خود پاکستانی شہری ہونے کا ثبوت ہے، ارکان پارلیمنٹ میں اس اقدام سے شدید تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

سینیٹر پرویز رشید نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط اور ٹیلی فون میں استحقاق کمیٹی کا فوری اجلاس بُلانے اور نادرا کے خلاف کارروائی کی استدعا کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نادرا نے حافظ حمد اللہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کر دی تھی جب کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینلز کو ہدایت کی تھی کہ حافظ حمداللہ کو ٹاک شوز میں نہ بلایا جائے۔

دوسری جانب حافظ حمداللہ نے اسپیشل سیکریٹری داخلہ میاں وحید الدین سے شناختی کارڈ بحال کرنے کی اپیل کردی ہے۔

حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ میں نے اسپیشل سیکریٹری داخلہ سے ملاقات کرکے انہیں معاملےکا بتایا جس پر وہ بھی ہنس رہے تھے۔

جے یو آئی کےسابق سینیٹر نے فیصلے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ جب ایک شخص سینیٹر رہا ہو، وزیر رہا ہو اور پاکستان میں بار بار الیکشن لڑچکا ہو، کیا ہمارے اداروں نے اس شخص کی شہریت کے حوالے سے تصدیق نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میری پیدائش بلوچستان میں چمن کے علاقے حاجی حسن کی ہے، آج بھی وہ محلہ موجود ہے اور آج بھی وہ جگہ موجود ہے جہاں میری پیدائش ہوئی تھی، چمن کے سارے لوگ مجھے جانتے ہیں۔

خیال رہے کہ اگر کسی شخص کی شہریت منسوخ ہو جائے تو اس کے پاس قانونی اختیار ہے کہ وہ شہریت کی بحالی کے لیے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھ سکتا ہے اور سیکریٹری داخلہ کے پاس اختیار ہے کہ وہ درخواست کا جائزہ لیتے ہوئے درخواست گزار کی شہریت بحال کر دے۔

مزید خبریں :