پاکستان
Time 12 نومبر ، 2019

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے وزیراعظم سٹیزن پورٹل میں تارکین وطن کی شکایات مقررہ وقت میں نمٹانے کی ہدایت کی— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں 7 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 6 اور 8 نومبر کے فیصلوں کی توثیق کردی۔

کابینہ میں وزارتوں، ڈویژنز میں منیجنگ ڈائریکٹرز (ایم ڈیز) اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کی خالی پوسٹوں کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

وزارتوں کے ذیلی اداروں میں ایم ڈیز اور سی ای اوز کی تمام خالی اسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے وزیراعظم سٹیزن پورٹل میں تارکین وطن کی شکایات مقررہ وقت میں نمٹانے کی ہدایت کی، اجلاس میں وفاقی کابینہ کے گذشتہ فیصلوں پرعمل درآمد کا جائزہ لیا گیا، تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں میں عوامی مفاد کے اقدامات پرعمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

معاشی استحکام کے ساتھ عوامی توقعات پر پورا اتریں گے، فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے، فردوس عاشق اعوان — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس بریفمگ میں کہا کہ مثبت معاشی اشاریے اقتصادی استحکام کی علامت ہیں، معاشی استحکام کے ساتھ عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے نکل آیا ہے اور مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پا رہے ہیں، معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے، ملکی محصولات کی آمدن طے کردہ اہداف سے زیادہ رہی ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ رواں مالی سال میں جولائی سے اکتوبر تک کے معاشی اہداف حاصل کر لیے ہیں، مشیر خزانہ نے کابینہ کو اقتصادی اشاریوں پر خصوصی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستحکم معاشی حالات کے عالمی ادارے بھی معترف ہیں۔ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی حکومت کی مثبت پالیسیوں کا مظہر ہے، حکومت صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے، صوبائی حکومتوں سے ماہانہ کارکردگی رپورٹ مانگی جا رہی ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے، پاکستان مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پا رہا ہے، معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ عوامی توقعات پر پورا اتریں گے، ثمرات عوام تک پہنچانے میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کو عوام کی روز مرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کے لیے 6 ارب روپے دیے ہیں۔

مزید خبریں :