پاکستان
Time 17 نومبر ، 2019

[ویڈیو]: بزرگ دکاندار نے بروقت فائرنگ کرکے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا


صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالا کے بزرگ دکان دار نے ڈکیتی کی نیت سے آنے والوں پر بروقت فائرنگ کرکے انہیں الٹے قدموں بھاگنے پر مجبور کردیا۔

یہ واقعہ چودہ نومبر کو گوندلاں والا روڈ پر اسکریپ ڈیلر زاہد بٹ کی دکان میں پیش آیا۔

دکان دار کا کہنا ہے کہ وہ ایک واردات کے بعد سے دکان پر ہر وقت رائفل لے کر بیٹھتے ہیں۔

دکان دار اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کی فوٹیج سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسکریپ ڈیلر زاہد بٹ نے چہرہ ڈھانپے موٹر سائیکل پرآئے تین مسلح ڈاکوؤں کو دیکھا تو قریب رکھی رائفل اٹھا کر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ ہوتے ہی ڈاکو گھبرا کر جوابی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ڈی ایس پی میاں توصیف کا کہنا ہے کہ واقعہ چار روز قبل پیش آیا، اسکریپ کی دوکان پر کچھ عرصہ پہلے بھی واردات ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی واردات کے بعد سے دکان دار زاہد بٹ دکان میں رائفل لے کر بیٹھتے ہیں۔

ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

مزید خبریں :