07 فروری ، 2012
اسلام آباد…بجلی اور پانی کے وفاقی وزیر نوید قمر کے دعووں کے باوجود تمام چھوٹے شہروں اور دیہات میں لوڈشیڈنگ جاری ہے،بجلی کا شارٹ فال 3400 میگاواٹ کے قریب برقرار ہے۔ارسا کی طرف سے ڈیموں سے پانی کا اخراج بڑھانے سے بجلی کی پیداوار بڑھ کر 9600 میگاواٹ ہو گئی ہے تاہم بجلی کی طلب 12000 ہزار میگاواٹ سے کم نہیں ۔ لاہور سمیت بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ سے عارضی ریلیف ملا ہے تاہم چھوٹے شہروں اور دیہات میں لوڈشیڈنگ بدستور جاری ہے جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈیموں سے پانی کے اخراج کے بعد تربیلا پاور ہاوس سے پیداوار بڑھ کر 1000 ،غازی بروتھا سے 1000 منگلا سے 785 میگاواٹ ہو گئی ہے جبکہ تھرمل 1534 ،رینٹل 46 اورنجی تھرمل بجلی گھروں سے 4999 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔تاہم پیپکو حکام کا کہنا ہے کہ آنیو الے دنوں میں چھوٹے شہروں کو بھی ریلیف ملے گا ۔