19 اگست ، 2012
کراچی… سعودی عرب ، خلیجی ممالک، امریکا اور یورپ میں مسلمان آج عید الفطر منارہے ہیں۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جن مین لاکھوں افراد نے شرکت کی۔سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان عبدالعزیز، وزیر داخلہ شہزادہ احمد اور گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے مسجد الحرام میں نمازِ عید ادا کی۔ اس موقع پر عالم اسلام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔متحدہ عرب امارت سمیت خلیجی ممالک اور برطانیہ سمیت یورپی ملکوں میں بھی آج عید کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔فلپائن ، انڈونیشیا ، ملائیشیا ، لیبیا اور مصر میں بھی نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے ، جن میں مسلم امہ کی بھلائی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ، امریکا ، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں بھی آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ بھارت اوربنگلادیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا لہذا ان ممالک میں عید الفطر کل ہوگی۔