پاکستان

'فیصلہ عدالت نے دیا ، آپ کس کو مافیا کہہ رہے ہیں وضاحت کریں'

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ اُن کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ کی بناء پر ملک غیر محفوظ ہورہا ہے۔

اپنے بیان میں آرمی چیف کی توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ  درخواست سپریم کورٹ نے سُنی، فیصلہ بھی عدالت عظمیٰ نے دیا ہے ، آپ کس کو مافیا کہ رہے ہیں وضاحت کریں ؟

مریم اورنگزیب نےوزیراعظم کے بیان کو 'کھسیانی بلی کھمبا نوچے' کے مترادف قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ آپ نالائق تھے، نالائق ہیں اور نالائق ہی رہیں گے، آپ اپنی نالائقی اور نااہلی کا بوجھ دوسروں پر ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ لوٹنے کا جن پر الزام لگایا، ان پر ایک دھیلے کی کرپشن آپ ثابت نہ کر پائے، قوم کے سامنے ہر روز، ہر منٹ، سکینڈ آپ اپنی نالائقی اورنااہلی ثابت کررہے ہیں، آپ جیسے تاریخی نالائق اور نااہل کے ہوتے ہوئے کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کا احترام ہے اور تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے ، ‎پارٹی قیادت عدالتی فیصلے میں بیان نکات کا جائزہ لے گی اور مشاورت ہوگی، ‎متحدہ اپوزیشن کے ساتھ بھی مشاورت کی جائے گی۔

آج ہمارے دشمنوں اور مافیا کو بہت مایوسی ہوئی، عمران خان

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ان لوگوں کو بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے جو  اداروں میں تصادم کے ذریعے ملک کے غیر مستحکم ہونے کی توقع کررہے تھے۔لیکن ایسا نہ ہونے کے باعث ہمارے بیرونی دشمنوں اور مافیا کو بہت مایوسی ہوئی ہے۔

ایک اور ٹوئیٹ میں عمران خان نے مافیا کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت بیرون ملک جمع کرے والی مافیا ملک کے عدم استحکام کو اپنی دولت کے تحفظ کے طور پر دیکھ رہے تھی۔

بعد ازاں اسلام آباد  میں ایک کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہناتھا کہ پچھلے دنوں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی، پہلے دھرنے کے ذریعے اور اب عدالت میں کیس کے ذریعے، یہ امید لگا کر بیٹھے تھے کہ پاکستان کسی طرح غیر مستحکم ہوجائے۔

عمران خان نے کہا کہ ’ انہوں نے سوچا تھا کہ ادارے آپس میں لڑ پڑيں گے، ادارے ایک دوسرے سے کبھی بھی تصادم نہيں کريں گے، سب اداروں نے اپنے دائرے میں رہنا شروع کردیا ہے اور سب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہيں‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’ان سب کو شکست ہوئی اور آگے بھی شکست ہوگی، پاکستان مشکل سے نکل کر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے سپریم کورٹ کا معاملہ بھی اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا تاہم پاکستان میں ہم آہنگی سے مخالفین کو شکست ہوئی ہے۔

مزید خبریں :