07 فروری ، 2012
لاہور…لاہور کے علاقے مغل پورہ میں ریلوے پولیس نے ریلوے کی اراضی پر تعمیرمبینہ ناجائزقابضین کے گھر گرادیئے۔جس پر پولیس اور رہائشیوں کا تصادم میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا اسی دوران ایک خاتون کو دل کادوربھی پڑ گیا۔آہ و بکا کرتی عمر رسیدہ خاتون اور روہانسو طالب علم کا دکھ ایک ہی ہے کہ محکمہ ریلوے نے ان سے سر چھپانے کا ٹھکا نہ چھین لیا۔محکمہ ریلوے کی پولیس نے سنگھ پورہ کے قریب دربار بابا بیری والا میں تیس مرلے جگہ پر قائم چھ مبینہ ناجائز قابضین کے مکان گرادیئے۔اس موقع پرعلاقہ مکینوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا پولیس نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے شیلنگ کی،اس ہنگامے کے دوران مظاہرین میں سے ایک خاتون کو دل کا دورہ پڑگیا۔ایک موقع پراپنے گھروں کا یہ حال دیکھ کر خواتین زارو قطار روتی نظر آئیں۔مکینوں کا کہنا ہے کہ انہیں صرف ایک دن پہلے نوٹس دیاگیا۔ریلوے کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ اور ڈویژنل انجینئر نے آپریشن کی نگرانی کی۔ان کا کہنا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کر رہے ہیں۔ متاثرین نے مقامی ایم این اے کے کوآرڈینیٹر کو بھی نہیں پخشا۔ان کاکہنا تھا کہ ووٹ لینے والوں نے انہیں تحفظ کی یقین دہانی کرائی تھی۔