جوتے پہنے بغیر دوڑ میں کئی گولڈ میڈل جیتنے والی بچی

فوٹو: آڈیٹی سینٹرل

ایتھلیٹ کے لیے آرام دہ جوتے پہنے بغیر ہی کسی بھی مقابلے کو جیتنا سننے میں ناممکن سا لگتا ہے کیونکہ آرام دہ جوتے ہی کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

لیکن ایک ایسی ننھی ایتھلیٹ بھی ہیں جنہیں فتح حاصل کرنے لیے مہنگے اور آرام دہ جوتوں کی ضرورت نہیں پڑتی۔

11 سالہ ریہا بیلوس کا تعلق فلپائن سے ہے جنہوں نے حال ہی میں صوبائی اسپورٹس ایونٹ میں شاندار فتح حاصل کرتے ہوئے تین گولڈ میڈل جیتے۔

ننھی ایتھلیٹ کی کامیابی کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے اس دوڑ میں جوتے نہیں پہنے تھے بلکہ انہوں نے اپنے پاؤں پر صرف پٹیاں (بینڈیج)  باندھ رکھی تھی۔

فوٹو: آڈیٹی سینٹرل

ایتھلیٹ نے مقابلے میں حصہ لینے والی ان تمام لڑکیوں کو مات دی جنہوں نے دوڑ کے دوران جوتے پہنے ہوئے تھے۔

سوشل میڈیا پر ریہا کی تصاویر خوب وائرل ہوگئیں، تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان ایتھلیٹ کے پاؤں میں جوتوں کی جگہ چند (بینڈیج) پٹیاں بندھی ہوئیں ہیں جس پر انہوں نے خود سے معروف اسپورٹس جوتوں کی برانڈ نائکی کا لوگو بنایا ہوا ہے۔

ریہا کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر سے لوگ انہیں مبارکباد دینے کے ساتھ ان کے جذبے کو سراہ بھی رہے ہیں۔

مزید خبریں :