Time 09 مئی ، 2024
پاکستان

پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان اقتصادی اصلاحات پر اعلیٰ سطح بات چیت، اعلامیہ جاری

فوٹو: پی آئی ڈی
فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان اقتصادی اصلاحات پر اعلیٰ سطح بات چیت کے بعد فریقین نے طویل المدتی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کردیے۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ نئے پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت سالانہ جائزے اور اقتصادی اصلاحات کے منصوبوں پر کام ہو گا، وزیراعظم پاکستان نے معاہدے کی دستخطی تقریب کا مشاہدہ کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس نئے معاہدے میں اقتصادی اصلاحات، توانائی اور زرعی مواقع کو بڑھانے کے منصوبے شامل ہوں گے، فریقین کے درمیان انسانی وسائل اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔

فوٹو: پی آئی ڈی
فوٹو: پی آئی ڈی

اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور کی ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا سے ملاقات کے موقع پر  ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان میں ترقیاتی تعاون بڑھانے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا جبکہ پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان مختلف ترقیاتی شعبوں میں شراکت داری مضبوط کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا سے ملاقات کے موقع پر وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے پاکستان کیلئے ورلڈ بینک کے نئے مالیاتی اختیارات پر بات چیت کرتے ہوئے ورلڈ بینک کو پاکستان میں اہم اصلاحات سے آگاہ کیا۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ ورلڈ بینک کے عہدیدار کی جانب سے نجی شعبوں کی شمولیت کے مطالبے پر زور دینے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی، توانائی، پانی اور بہتر روزگار پر مشترکہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق نائب صدر ورلڈ بینک برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائزر نے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے اقتصادی بحالی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزیر اقتصادی امور نے ورلڈ بینک کی حمایت اور تعاون پر تشکر کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :