07 فروری ، 2012
اسلام آباد…چیئرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم کو 10 بلین ڈالر سالانہ تک بڑھایا جا سکتا ہے،تجارتی وفود کے تبادلوں ،ویزے کی پابندیوں کے خاتمے جیسے اقدامات دو طرفہ تجارت اور تعلقات بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ایرانی نائب صدر علی سدلو کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والے وفد نے پارلیمنٹ ہاوٴس میں چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ایران ، پاکستان گیس پائپ لائن اور ایک ہزار میگا واٹ بجلی کی ٹرانسمیشن لائن جیسے منصوبوں سے پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے اور اس جنگ میں بے نظیر بھٹو ،سلمان تاثیر اور شہباز بھٹی سمیت 35 ہزار افراد قتل ہو چکے ہیں۔ ایرانی نائب صدر علی سدلو نے چیئرمین سینٹ کو بتایا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایرانی صدر احمدینژاد پاک ،ایران ،افغانستان سہہ فریقی کانفرنس میں شرکت کے لیے جلد پاکستان آئیں گے۔