03 جنوری ، 2020
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں میئر وسیم اختر کے بیٹے کے مبینہ تشدد سے نوجوان زخمی ہو گیا۔
تشدد سے زخمی ہونے والے نوجوان حسنین حیدر کا کہنا ہے کہ سال نو پر ڈیفنس فیز 8 میں پیٹرول پمپ پر ڈبل کیبن میں سوار گارڈ نے ہوائی فائرنگ کی، گارڈز سے فائرنگ کی وجہ دریافت کرنے پر مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
حسنین حیدر نے الزام عائد کیا ہے کہ اس پر تشدد کرنے والوں میں میئر کراچی وسیم اختر کا بیٹا شامل ہے۔
پولیس نے حسنین حیدر کی مدعیت میں میئر کراچی وسیم اختر کے بیٹے تیمور وسیم اور گارڈز کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں تین روز پہلے ہونے والے جھگڑے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جھگڑے میں زخمی ہونے والے نوجوان حسنین حیدرنے الزام عائد کیا ہے کہ تشدد کرنے والوں میں میئرکراچی وسیم اخترکا بیٹا بھی شامل ہے۔
متاثرہ نوجوان کے اہلخانہ کی جانب سے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تشدد میں ملوث تیمور وسیم کو گرفتار کیا جائے اور قانونی کارروائی کی جائے۔
مقدمہ میں اسلحہ دکھا کر جان سے مارنے، سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جس میں میئر کراچی وسیم اختر کا بیٹا تیمور وسیم اور گارڈز کو نامزد کیاگیا ہے۔