07 جنوری ، 2020
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انٹرسروسز پبلک ریلشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فخرالدین جی ابراہیم کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
خیال رہے کہ سابق اٹارنی جنرل اور چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم آج انتقال کرگئے ہیں۔
فخرالدین جی ابراہیم کی تدفین کراچی میں میوا شاہ قبرستان میں کردی گئی۔ نماز جنازہ میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سمیت دیگر ججز ، سابق کرکٹر معین خان، سماجی رہنما جبران ناصر و دیگر شریک ہوئے۔
انہیں 14 جولائی 2012ء کوالیکشن کمیشن آف پاکستان کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا اور پاکستان کے عام انتخابات 2013 ان ہی کی سربراہی میں ہوئے تھے۔
فخر الدین جی ابراہیم سپریم کورٹ کے جج کے علاوہ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، گورنر سندھ، اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر قانون کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں جب کہ وہ 1981 میں سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج بھی رہے۔