23 اگست ، 2012
لاہور … پاکستانی وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے اپنی ایک ویڈیو فیس بک پر اپ لوڈ کی ہے جس میں ان کے سر، آنکھ اور دیگر حصوں پر زخم دکھائے گئے ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے سوشل ویب سائٹ فیس بک پر اپنی ایک بلا عنوان ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں انہوں نے خود کو لگنے والے زخم دکھائے ہیں۔ ویڈیو میں ذوالقرنین حیدر کے سر پر گہرا زخم موجود ہے جبکہ ان کی آنکھ پربھی چوٹ کا نشان واضح نظر آرہا ہے۔ ویڈیو میں سابق وکٹ کیپر کی گردن پر بھی زخم کے متعدد نشان دیکھے جاسکتے ہیں۔نمائندہ جیو نیوز سہیل عمران کے مطابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر کی جانب سے ویڈیو میں کچھ واضح نہیں کیا کہ انہیں یہ زخم کس طرح لگے، ویڈیو سے متعلق یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ کب کی اور کہاں کی ہے۔ واضح رہے کہ ذوالقرنین حیدر نے گزشتہ دنوں کامران اکمل اور سلیکشن کمیٹی پر الزامات عائد کئے تھے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ شوکاز نوٹس جاری کئے جانے کے بعد ذوالقرنین حیدر نے فیس بک پر ویڈیو اپ لوڈ کی۔