23 اگست ، 2012
شکارپور … شکارپور پولیس نے پنجاب سے اغواء ہونے والی 4 خواتین اور ایک بچی کو بازیاب کراکر 4 اغوا کاروں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ اے ایس پی شکارپور ساجد کھوکھر کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر اسٹور گنج کے علاقے میں ایک گھر سے چار وں خواتین اور 5 سالہ بچی کو بازیاب کرالیا۔ پولیس نے اسی گھر سے 4 اغواکاروں کو بھی اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ، چاروں خواتین اور بچی 2 ماہ قبل پنجاب سے اغواء کی گئیں، جن میں سے 20 سالہ رابعہ، 25 سالہ نازیہ، 26 سالہ ناہید اور 5 سالہ بچی کائنات کا تعلق ساہیوال سے ہے جبکہ شاہین نامی خاتون خانیوال کی رہائشی ہے۔ پولیس کے مطابق خواتین کو ملزمان نے اغواء کے بعد فروخت کرنا تھا۔