24 اگست ، 2012
کراچی… تقریباً 500پاکستانیوں کی عمان سے بے دخلی کی جیونیو زکی خبر پر حکومت نے نوٹس لے لیا ہے ،وفاقی وزیر بابر غوری کا کہنا ہے کہ بے دخل پاکستانیوں کو کل گھاس بندر لایاجائے گا جہاں ایف آئی اے مکمل دیکھ بھال کرے گی۔ ادھر انچارج ایف آئی اے گھاس بندر، رحمت ڈومکی کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی امیگریشن کے انتظامات مکمل ہیں۔ واضح رہے کہ عمان سے 500سے زیادہ پاکستانی سمندری راستے سے بے دخل کیے گئے جو الباسط کشتی میں سوار ہیں، جن میں سے زیادہ تر کی حالت غیر ہوگئی۔ مسافر اقبال شیخ نے بتایا کہ کئی مسافروں کی حالت خراب ہوچکی ہے اور کھانے پینے کا سامان بھی ختم ہوگیا ہے ،جبکہ دوائیں بھی میسر نہیں ہیں،مسافر اقبال شیخ نے جیو نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی سمندری حدود میں آنے کے بعد کشتی کو روک دیا گیا تھا۔ تاہم جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد حکومت نے نوٹس لے لیا اور بے دخل پاکستانیوں کو داخلے کی اجازت مل گئی۔