14 جنوری ، 2012
اسلام آباد…ملک بھرمیں کہیں سردی کی شدت میں کمی اور کہیں اضافہ ہورہا ہے۔اسی دوران شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی مزید بڑھ گئی ہے۔ چمن، پشین، زیارت، کان مہترزئی اور خانو زئی سمیت شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔جس سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن بھی سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں ہے۔وادی کالام گزشتہ چند روز سے سرد ترین علاقوں میں سر فہرست ہے جہاں جمعہ کے روز بھی درجہ حرارت منفی بارہ ریکارڈ کیا گیا۔تمام وادی پر برف ہی برف نظر آرہی ہے۔تاہم گیس نہ ہونے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی مشکل کردی ہے۔ گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت،ہنزہ،اسکردو،غذر سمیت تمام علاقوں میں بھی سخت سردی پڑ رہی ہے۔درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے گرا ہوا ہے جس کے باعث شہریوں کو پانی کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادھر خوبصورت سیاحتی مقام مری میں برفباری کے بعد سیاح یہاں کھنچے چلے آرہے ہیں۔جنہوں نے یہاں کی رونق میں مزید اضافہ کردیا ہے۔