24 اگست ، 2012
کراچی …سندھ میں بلدیاتی نظام کی تشکیل کے لئے پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کی کور کمیٹی کا اجلاس رسمی بات چیت کے بعد ایک مرتبہ پھر ختم ہوگیا۔وزیربلدیات کا دعویٰ ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر جاری اجلاسوں میں کئی نکات پر اتفاق ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاوٴس میں کورکمیٹی کے ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمیٹی کے ارکان پیرمظہرالحق، آغاسراج درانی، سید مراد علی شاہ، رفیق انجینئر ، ڈاکٹر فاروق ستار، سید سردار احمد، ڈاکٹرصغیراحمد اور واسع جلیل نے بلدیاتی نظام سے متعلق ڈرافٹ کی شقوں پر مرحلہ وار جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی نے دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہورہے ہیں اور کئی نکات پر اتفاق ہوچکا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے مقررہ مدت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا جسے سندھ حکومت نے چیلنج کیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ اب تک بلدیاتی نظام تشکیل نہیں دیا جاسکا جبکہ عام انتخابات کا سال شروع ہوچکا ہے اس سے قبل بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔