پاکستان
Time 04 فروری ، 2020

چین سے 2 طالبعلم بغیر اسکریننگ کرائے پاکستان پہنچ گئے

لاہور : چین سے 2 پاکستانی طالبعلم بغیر اسکریننگ کرائے پاکستان پہنچ گئے۔

محکمہ صحت کو لکھے گئے خط میں چینی حکام نے انکشاف کیا کہ دونوں طالبعلم چین سے کوالالمپور اور پھر لاہور پہنچے ہیں۔ 

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرجاد بٹ کے مطابق دونوں طالبعلم پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے رہائشی ہیں جنہیں  پولیس کی مدد سے تلاش کر کے میڈیکل ٹیسٹ کرالیا گیا ہے۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرجاد بٹ کا کہنا ہے کہ دونوں طلبہ میں کورونا وائرس کی کوئی ظاہری علامت نہیں پائی گئی تاہم میڈیکل رپورٹ آنے تک دونوں افراد اپنے گھروں پر ہی رہیں گے اور انہیں احتیاطی تدابیر بھی بتادی گئی ہیں۔

ملتان میں ایک اور مشتبہ مریض اسپتال میں داخل

دوسری جانب پنجاب کے ہی شہر ملتان میں بھی کورونا وائرس کے شبے میں ایک اور مریض کو نشتر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

30 سالہ عابد کو نشتر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔ 

محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر عطاء الرحمان کے مطابق عابد چند روز قبل چین سے وطن واپس لوٹا ہے  تاہم اس کے خون کے نمونے حاصل کر کے اسلام آباد بھجوائے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ نشتر اسپتال میں اِس وقت کورونا وائرس کے شبے میں 3 مریض زیرِ علاج ہیں جن میں چینی باشندہ فینگ فین سمیت 2 پاکستانی شہری رحمت اور عابد شامل ہیں۔

خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

یہ وائرس امریکا، آسٹریلیا، جاپان اور برطانیہ سمیت 25 ممالک میں پھیل چکا ہے اور سیکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں تاہم پاکستان میں ابھی تک کسی شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

مزید خبریں :