دنیا
Time 06 فروری ، 2020

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3 فلسطینی شہید ہوگئے

 شہید ہونے والوں میں 2 نوجوان اور ایک فلسطینی اتھارٹی کا اہلکار بھی شامل ہے،فوٹو:اے ایف پی

 مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں سے جھڑپوں کے دوران 3 فلسطینی شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جینن میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے 3 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

الجزیرہ نیوز کے مطابق اسرائیلی فوج جینن میں واقع ایک فلسطینی کے گھر کو زبردستی مسمار کرنا چاہتی تھی جس کے خلاف مقامی رہائشی سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیلی فورسز پر پتھراؤ بھی کیا۔

رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والوں میں 2 نوجوان اور ایک فلسطینی اتھارٹی کا اہلکار بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فلسطین تنازعے کے حل کے لیے مشرق وسطٰی میں امن کے نام نہاد منصوبے کے اعلان کے بعد سے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں آباد فلسطینیوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

مغری کنارے میں آباد فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیل اور امریکا کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں ایک کار سوار نے گاڑی اسرائیلی فوجیوں پر چڑھادی جس کے نتیجے میں 12 فوجیوں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے۔

فلسطینی جہادی تنظیم حماس نے کار حملے کی تعریف کرتے ہوئے اسے ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد امن منصوبے کا بھر پور جواب قراردیا ہے۔

مزید خبریں :