دنیا
Time 13 فروری ، 2020

نائیجیریا : مسلح افراد کی انتقامی کارروائی، 21 افراد کو گھر میں بند کر کے آگ لگادی

حملہ آوروں نے ایک ہی خاندان کے 16 افراد کو گھر میں بند کر کے جلا دیا جس میں 6 بچے اور علاقے کے دفاعی گروپ کے 5 افراد بھی شامل تھے— فوٹو: فائل

نائیجیریا کی شمالی ریاست ’کانو‘ کے گاؤں میں مسلح افراد نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے 21 افراد کو گھر میں بند کر کے آگ لگادی۔

نائیجیریا میں جرائم پیشہ افراد کے گروہ نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے گاؤں کے 21 افراد کو گھر میں قید کر کے آگ لگادی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 16 افراد سمیت 21 افراد زندہ جل کر ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ پہلے گاؤں کے لوگوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مل کر جرائم پیشہ افراد کے کیمپ پر حملہ کیا تھا جس کا بدلہ لینے کے لیے ان جرائم پیشہ افراد نے پہلے تو گاؤں میں فائرنگ کی اور پھر کئی گاڑیوں اور مکانوں کو نذرِ آتش کردیا۔ جس کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔

باکالی کے علاقہ مکینوں کے رہنما ’سنی نوہو‘ نے بتایا کہ انہوں نے حملے میں 21 لوگوں کو ہلاک کیا۔

رہائشیوں کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے ایک ہی خاندان کے 16 افراد کو گھر میں بند کر کے جلا دیا جس میں 6 بچے اور علاقے کے دفاعی گروپ کے 5 افراد بھی شامل تھے۔

پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں مسلح افراد کے حملے کی اطلاع علاقہ مکینوں سے ملی تاہم ہم مزید تفصیلات اکھٹی کررہے ہیں۔

یہ علاقہ جہاں مسلح افراد نے حملہ کیا، گزشتہ کئی برسوں سے جرائم پیشہ افراد کے گروہ کے لیے جنت بنا ہوا ہے جو لوگوں کے پالتو جانور اور گاؤں کے افراد کو اغواء برائے تاوان کے لیے اٹھالیتے ہیں۔

علاقے کے لوگوں نے اپنے تحفظ کے لیے دفاعی گروپس بنائے تھے لیکن پھر بھی واقعات میں کمی نہ آسکی۔

گاؤں میں رہنے والوں کا مزید کہنا ہے کہ واقعے سے کچھ عرصہ پہلے علاقائی دفاعی گروپ کے افراد نے نائیجریا کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ان جرائم پیشہ افرا کے کیمپ پر حملہ کیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کیے گئے آپریشن میں 250 سے زائد دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کو ہلاک کیا گیا تھا تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

مزید خبریں :