پاکستان
Time 17 فروری ، 2020

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مزید 5 بچے پولیو کا شکار

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پولیو کے 5 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں برس کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ میں ملک کے مختلف حصوں میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 17 ہوگئی۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں 4 نئے پولیو کیسز سامنے آئے ہیں جو ضلع لکی مروت سے رپورٹ ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ لکی مروت کی تحصیل بیٹنی میں 22 ماہ اور 18 ماہ کے بچوں جب کہ تحصیل سرائے نورنگ میں 17 ماہ کے بچے اور تحصیل لکی مروت میں 11 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

 صوبے میں 4 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 10 ہوگئی جن میں سے 9 کیسز ضلع لکی مروت اور ایک ٹانک سے رپورٹ ہوا ہے۔

اُدھر صوبے میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم 17 فروری سے شروع ہوگئی جس میں 68 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 

بلوچستان میں بھی پولیو کیس کی تصدیق

بلوچستان میں بھی ایک اور پولیو کیس سامنے آیا ہے۔ محکمہ صحت بلوچستان کے حکام نے بتایاکہ ضلع پشین میں 7 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق حالیہ پولیو مہم کے دوران متاثرہ بچے کے اہلخانہ نے بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا۔ انسداد پولیو ٹیموں نے متعدد بار کوشش کی لیکن اہلخانہ اس پر راضی نہیں تھے۔

حکام نے بتایا کہ بچے کے سیمپلز 31 جنوری کو حاصل کیے گئے تھے جن سے بچے میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق پشین سے کیس کی تصدیق کے بعد رواں سال بلوچستان میں پولیو کیسز کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ 

دونوں صوبوں میں 5 کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں مجموعی طور پر پولیو کیسز کی تعداد 17 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 10 کیسز خیبرپختونخوا، 5 سندھ اور 2 بلوچستان سے رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ سال 2019 پولیو کے حوالے سے پاکستان کے لیے خطرناک رہا ہے جہاں 140 سے زائد پولیو کیسز سامنے آئے تھے اور یہ تعداد گزشتہ کئی برسوں کی بلند ترین سطح ہے۔

مزید خبریں :