آئندہ ‏کوئی چیز مہنگی نہیں کی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بجلی اور گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے پراصولی اتفاق کیاگیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ نے بجلی اور گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے پراصولی اتفاق کیا۔

‏وزیر ‏اعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ‏کوئی چیز مہنگی نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے دالوں کی قیمتوں میں کمی کے لیے امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے سے متعلق ‏لائحہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ، ایف آئی اے 2 ہفتوں میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی۔

اجلاس میں  کمشنر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی)  کی ‏تعیناتی کا ایجنڈا اور احساس پروگرام میں ارکان پارلیمنٹ کو شامل کرنے سے متعلق ‏بریفنگ مؤخر کردی گئی۔

خالد جاوید خان کو نیا اٹارنی جنرل لگانے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے خالد جاوید خان کو نیا اٹارنی جنرل لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وہ  اس سے قبل 2018 میں بھی اٹارنی جنرل آف پاکستان کے عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے وزراء خالد مقبول صدیقی اور طار ق بشیر چیمہ ایک بار پھر غیر حاضر رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) خالد مقبول صدیقی کراچی میں اور وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ بہاولپور میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں خالد مقبول صدیقی کا پھر پوچھ لیا تاہم کابینہ ارکان اس حوالے سے خاموش رہے۔

مزید خبریں :