26 اگست ، 2012
لاہور … پاکستان کا پارلیمانی وفد بھارت کے 5 روزہ دورے کے بعد واہگہ کے راستے وطن واپس پہنچ گیا، وفد کا کہنا ہے کہ دونوں اطراف امن کی خواہش موجود ہے ، پرانے تنازعوں کے حل میں تیزی لانا ہو گی۔ واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفد کے ر کن پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر جہانگیر بدر کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن، غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ویزا معاہدے پر جلد دستخط ہونے چاہئیں، بزرگ شہری، طلبا اور ماہرین تعلیم کے وفود کے تبادلے کو آسان بنایا جائیگا۔اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا مرکز نہیں دہشت گردی کا نشانہ ہے۔ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر نے کہا کہ مسائل کی موجودگی میں بھی امن کیلئے کوششیں جاری رکھنا ہوں گی، وفاقی حکومت ہی نہیں صوبائی حکومتوں میں بھی رابطہ کرنا چاہئے۔ انوشے رحمان کا کہنا تھا کہ وفد اپنی سفارشات کو پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرے گا۔