04 مارچ ، 2020
ملک میں نافذ 1973 کے آئین پر ہونے والی تقاریر کی کاپی سینیٹ لائبریری سے غائب ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق آئین سازی پر ہونے والی بحث کی 5 جلدیں سینیٹ کی لائبریری میں موجود تھیں اور دسمبر میں آئین سازی بحث کی پانچوں جلدیں سینیٹ لائبریری سے منگوائی گئی تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ آئین پر ہونے والی 1973 کی بحث کی کاپی سینیٹ کی لائبریری کے پاس موجود تھی لیکن اب یہ 5 جلدیں کہاں گئیں، کسی کو علم نہیں۔
دوسری جانب سینیٹ کے لائبریرین ظاہر اختر کا کہنا ہے کہ سینیٹ لائبریری میں 1973 کے آئین پر مکمل ڈیبیٹ موجود ہے، یہ ڈیبیٹ کتابی شکل اور پی ڈی ایف فارم میں بھی موجود ہے۔
خیال رہے کہ 14 اگست 1973 کو نافذ العمل ہونے والے آئین پاکستان پر طویل بحث ہوئی تھی جس کے بعد یہ متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔