26 اگست ، 2012
کراچی … کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے میں کالعدم تنظیم کے دفتر کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ لیاقت آباد کے علاقے سپرمارکیٹ میں چھریوں کے وار کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا، یونیورسٹی روڈ پر عسکری پارک کے قریب فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ عیسیٰ نگری کے علاقے میں بھی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ اس سے قبل ماڑی پور کے علاقے میں فائرنگ کے 2واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے، جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کیلئے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔