پاکستان

گولیمار میں منہدم عمارتوں کے ملبے سے مزید 3 لاشیں برآمد، ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی

کراچی کے رضویہ سوسائٹی تھانے کی حدود گولیمار میں دو روز قبل منہدم ہونے والی رہائشی عمارتوں کے ملبے سے مزید تین افراد کی لاشیں مل گئیں۔

اسسٹنٹ پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر محمد سلیم کے مطابق آج رات 9 بجے عمارتوں کے ملبے سے دو افراد طارق علی اور عامر نایاب کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں۔

بعد ازاں تیسری لاش بھی ملبے سے نکالی گئی جس کے بعد سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی۔ 

جمعہ کی رات تک ملبے سے 17 افراد کی لاشیں مل چکی تھیں، آج دوبارہ امدادی کام جاری رہا اور جب بھاری ملبہ اٹھایا گیا تو ملبے کے نچلے حصے سے مزید دو لاشیں ملیں۔

پولیس کے مطابق اس عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ایک کلینک تھا جہاں پر چار سے پانچ افراد کے موجود ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

پولیس کا خیال ہے کہ دو لاشیں نکالنے کے بعد مزید 3 سے 4 افراد ملبے میں ہو سکتے ہیں تاہم ان افراد کے زندہ ہونے کا امکان کم ہوتا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ 5 مارچ کو کراچی کے علاقے گولیمار میں تین عمارتیں گرگئی تھیں۔ چالیس ، چالیس گز کے پلاٹس پر بنی ایک عمارت پانچ منزلہ تھی، مالک چھٹی منزل بھی بنارہا تھا کہ پوری عمارت گر گئی جس کی زد میں دیگر دو عمارتیں بھی آئیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلے 5 منزلہ عمارت زمین میں دھنسی جس کا ملبہ گرنےسے دو مزید عمارتیں متاثر ہوئیں۔

گرنے والی عمارت پر مزید ایک فلور ڈالا جارہا تھا، علاقہ مکینوں نے مالک کو منع بھی کیا تھا لیکن اس نے ایک نہ سنی۔

مزید خبریں :