27 اگست ، 2012
کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ حکومتی سطح پر اٹھانے کی درخواست کی ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی چاہتا ہے امریکا انھیں رہا کرکے پاکستانیوں کے دلوں میں نرم گوشہ پیدا کرسکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہاوٴس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکیل اور امریکا کے سابق اٹارنی جنرل Mr.Ramsey Clark سے ملاقات میں کہی۔ گورنر سندھ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے Mr.Ramsey Clark کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے خواہش مند ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے پاک امریکا تعلقا ت پر خوشگوا ر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں جو کہ وقت کی اشد ضرورت بھی ہے۔ Mr.Ramsey Clark نے گورنر سندھ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ ترجمان گورنر ہاوٴس کے مطابق ڈاکٹر عشرت العباد خان نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ حکومتی سطح پر اٹھانے کی درخواست کی۔ وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کا اس ضمن میں Mr.Ramsey Clarkاور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے بھی ملاقات کر نے کا ارادہ ظاہر کیا ۔