پاکستان
28 اگست ، 2012

عام انتخابات کیلئے غیر جانبدار نگراں حکومت قائم کی جائے، ایاز پلیجو

عام انتخابات کیلئے غیر جانبدار نگراں حکومت قائم کی جائے، ایاز پلیجو

حیدر آباد … عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے فوری عام انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر جانبدار نگراں حکومت قائم کی جائے، انہوں نے 6 ستمبر کو کراچی سے اسلام آباد تک محبت سندھ ٹرین مارچ کا بھی اعلان کیا۔ پلیجو ہاوٴس قاسم آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے نام پر پولیس، ریونیو اور صحت سمیت اہم محکمے نام نہاد مفاہمت کے نام پراتحادیوں کے حوالے کردیئے گئے ہیں، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان بلدیاتی معاہدے کو ظاہر کیا جائے، سندھ ہائی کورٹ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بیروزگاری اور پانی کی قلت کا نوٹس لے۔ ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ ان کے قتل کا منصوبہ ظاہر ہونے کے باوجود قاتل ٹولے کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ ایاز لطیف پلیجو نے 29 اگست کو عمرکوٹ ، یکم ستمبر کو جھڈو، ڈگری، نوکوٹ، ٹنڈو جام محمد میں محبت سندھ ریلیاں اور6 ستمبر کو کراچی سے اسلام آباد تک محبت سندھ ٹرین مارچ کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹرین مارچ کا راستہ روکنے کی کوشش کی تو دمادم مست قلندر ہوگا اور کوئی سندھ کے راستوں سے محفوظ ہو کر گزر نہیں سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک مطالبہ کرتی ہے کہ فوری عام انتخابات کا اعلان کیا جائے اور غیر جانبدار نگراں حکومت قائم کی جائے۔

مزید خبریں :